بھٹکل :22؍دسمبر (ایس اؤ نیوز) ضلع اُترکنڑا کے یلاپور کا 13سالہ معصوم بچہ عبدالمتین اپنی خصوصی قابلیت و اہلیت کے سبب تمام لوگوں کے دلچسپی کا مرکز بنا ہواہے۔ کسی کی بھی پیدائشی تاریخ بتائیں گے تو بس لحظہ بھی گزرنے نہ پائے گا دن کا پتہ بتادے گا۔ایسا لگتا ہے کہ عبدالمتین کے دماغ میں 400برس کا کلینڈرمحفوظ ہے۔ اس کے علاوہ انگریزی زبان کے الفاظ کی الٹی اسپلنگ کےمقابلے میں وہ گنیس بک آف ورلڈ ریکارڈ کے قریب پہنچ گیا ہے۔
یلاپور شہر کے کالما نگر کےمکین سلیم شیخ اور ممتاز بیگم کے دوسرے فرزند عبدالمتین مدر تھریسا انگلش میڈیم اسکول میں چوتھی جماعت میں زیر تعلیم ہے۔ جہاں وہ انگریزی زبان میں الٹی اسپلنگ کی تربیت بھی لے رہاہے۔ عبدالمتین کےتعلق سے کہا جارہا ہے کہ وہ بہت جلد انگریزی الفاظ کی الٹی اسپلنگ کے عالمی مقابلے میں شرکت کرتے ہوئے ریکارڈ بنائے گا۔ فی الحال نیپال کا ایک لڑکا ایک منٹ میں 36انگریزی الفاظ کی الٹی اسپلنگ بتا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ اب عبدالمتین ایک منٹ میں 39 انگریزی الفاظ کی الٹی اسپلنگ بولتے ہوئے عالمی ریکارڈ بنانے جارہاہے۔
عبدالمتین کنڑا، انگریزی، ہندی ، کونکنی اور اردو زبانوں کو جانتاہے۔ 11سالہ بچہ 50تک پہاڑے بھی بڑی آسانی سے ادا کر لیتاہے۔ عبدالمتین کی خصوصی صلاحیت، قابلیت و اہلیت کو دیکھتے ہوئے کئی لوگ دعا کررہے ہیں کہ وہ عالمی سطح پر اپنی پہچان بنائے۔